کوئٹہ (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور کاسی قبیلے کے سربراہ نواب ارباب عبدالظاہر کاسی نے اپنی رہائی کے عوض کسی تاوان کی ادائیگی سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تاوان کی ادائیگی یا عدم ادائیگی کے بارے میں کچھ علم نہیں اپنی رہائی پر سیاسی جماعتوں، میڈیا، سول سوسائٹی کا شکر گزار ہوں ۔یہ بات انہوں نے اغوا کاروں سے رہائی کے بعد عیدالاضحیٰ کے دن کوئٹہ پہنچنے پر اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ نواب ارباب عبدالظاہر کاسی نے کہا کہ وہ 11ماہ 15دن تک اغواء کاروں کے پاس رہے اس دوران اغواء کاروں کا سلوک بہت اچھا رہا کھانا اور دوا وقت پر دیتے تھے اور مجھ پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے نواب ارباب عبدالظاہر کاسی کی رہائی کیلئے کسی قسم کے تاوان کی ادائیگی کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ انکی رہائی کے لئے کوئی تاوان ادا نہیں کیا گیا۔
رہائی پر سیاسی جماعتوں، میڈیا، سول سوسائٹی کا شکر گزار ہوں: ارباب عبدالظاہرکاسی
Oct 09, 2014