اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) عید کے تیسرے روز بدھ کو صبح کے وقت ناشتہ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دوبارہ شدید احتجاج کیا۔ پانچ اکتوبر کو عید سے ایک روز قبل بھی عید کے تحائف اور کپڑے تقسیم ہونے کے دوران بھی کارکنوں نے تقسیم میں امتیازی رویہ اپنانے کا الزام لگا کر خوب احتجاج کیا تھا پارٹی قیادت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا عید کی تین چھٹیوں کے دوران جو کارکن دھرنے میں موجود ہوں گے انہیں صبح کا ناشتہ بھی ملا کرے گا لیکن بدھ کی صبح جب کارکنوں میں ناشتہ تقسیم ہوا تو کارکنوں نے اپنے قائد ذکاء اللہ کی قیادت میں خوب احتجاج شروع کر دیا پنڈال کی کرسیاں دریاں بھی الٹا ڈالیں اور کہا کہ دھرنے کی انتظامیہ ناشتہ صرف من پسند لوگوں میں بانٹ رہی ہے جبکہ وہ بھوکے پیاسے ہیں اس موقع پر متاثرہ کارکنوں کے لیڈر ذکاء اللہ نے کہا کہ دھرنے کی انتظامیہ کو محسوس کرنا چاہئے کہ کارکن اس نا انصافی پر اپنے قائد عمران خان کے بارے میں بھی اچھے کلمات ادا نہیں کر رہے جس پر کارکنوں نے فوراً گو نواز گو کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔