بعض لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں‘ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی: شہباز شریف

لاہور+ چنیوٹ+ حافظ آباد+ جلالپور بھٹیاں (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عیدالاضحی کا دن حافظ آباد اور چنیوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کے ساتھ گزارا۔  وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقے کوٹ سلیم میں متاثرین سیلاب کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ وزیراعلیٰ سیلاب متاثرین میں گھل مل گئے اور ان سے عید ملی۔ وزیراعلیٰ نے ان کے ساتھ قربانی کی اور عید کے تحائف بھی تقسیم کئے۔ متاثرین سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ آپ لوگوں کے ساتھ عید منا کر انتہائی مسرت ملی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور اس کی حکومت آپ کیلئے جو کچھ کر رہی ہے وہ آپ کا حق ہے، دھرنوں کے پیچھے غصہ، اقتدار کا لالچ اور ضد تینوں منفی جذبے کارفرما ہیں۔ عمران خان! آپ نے معیشت کا نقصان کر دیا ہے۔ میری دردمندانہ اپیل ہے کہ ملک کے حال پر رحم کریں۔ بعض لوگ اقتدار میں چور دروازے سے داخل ہونا چاہتے ہیں، ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند ہو گئے۔ دھرنوں سے ملکی معیشت کا جنازہ نکل گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنے دینے والے کبھی بھی ملک و قوم کیلئے مخلص نہیں ہو سکتے ان کے اس اقدام کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا جس سے پاکستان کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑا۔ اگر دھرنے والے اتنے ہی عوام سے مخلص ہوتے تو وہ آج اپنے ان متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہوتے۔ وزیراعلیٰ ضلع چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ کے رحمن کالونی موضع سلمان گئے اور متاثرین کے ساتھ مل کر قربانی کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا ، خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کا دن قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ اکٹھا کرنے کا دن ہے۔ عید کا اصل پیغام دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا اور ان کی بے لوث خدمت کرنا ہے، دھرنوں میں ناچ گانا کرنے والے مصیبت زدہ لوگوں کو فراموش کرنے کی بجائے ان کا ہاتھ تھامیں۔ متاثرین کو ادائیگی کے تمام عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، ہر حقدار کو حق مل کر رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے رحمن کالونی موضع سلمان میں مرکز صحت اور سکول کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران لوگوں نے گو عمران گو کے نعرے لگائے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہبازشریف نے کہا کہ میری سیاسی اکابرین سے درخواست ہے کہ وہ اپنی سیاسی دکانداری عوام کی بدحالی پر نہ چمکائیں اور غربت کی ماری بے حال قوم پر رحم کریں۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ، صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چودھری افضل حسین تارڑ، ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی، ایم پی اے چودھری اسد اللہ آرائیں، ڈی سی او محمد عثمان، ڈی پی او محمد زبیر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں لیور اینڈ کڈنی انسٹیٹیوٹ کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ کے بھائی سعید حسن شاہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...