محرم میں دہشت گردی کا خطرہ‘ جلوسوں کے اردگرد سرچ آپریشن کے احکامات

لاہور (معین اظہر سے) ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے بعض کالعدم تنظیموں کی طرف سے محرم میں دہشت گردی کی اطلاعات پر فوج کی مدد سے محرم کے تمام جلوسوں کے روٹ کے اردگرد سرچ آپریشن پیر سے شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ان سرچ آپریشن میں بائیو میٹرک سسٹم سے لوگوں کی تصدیق کی جائے گی۔ بغیر لائسنس محرم کے جلوس نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مقررہ وقت پر محرم کے جلوس اور مجالس شروع کرکے مقررہ وقت پر ختم کی جائیں گی۔ پنجاب میں 100 سے زائد علمائے کرام پر یکم محرم سے اپنے اضلاع چھوڑنے پر پابندی عائد کردی جائے گی جبکہ 15 علماءکرام کی نظربندی کے احکامات بھی جاری کر دئیے جائیں گے۔ صوبائی، ڈویژنل، اور ضلعی لیول پر کنٹرول روم یکم محرم سے کام شروع کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہوم سیکرٹری پنجاب نے جس ایس او پی کی منظوری دی ہے اس کو جاری کر دیا گیا ہے۔ اس بارے میں ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ذرائع کے مطابق اطلاعات ملی ہیں کہ محرم کے دوران دہشت گردی کے حملے کئے جاسکتے ہیں۔ تمام جلوسوں اور مجالس کے اردگرد 4 درجاتی حصار بنایا جائے گا جس میں پہلے فیز میں واک تھرو گیٹ ، دوسرے فیز میں سکینر اور تیسرے فیز میں میٹل ڈکیٹر اور چوتھے فیز میں فزیکل سرچ کی جائے گی۔ مسعود الرحمان عثمانی، مولانا عبدالعزیز، خطیب لال مسجد مولانا عبداسلیم، مولانا نذیر احمد، پروفیسر طالب الرحمان، مولانا سلیمان گل کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ پنجاب کے 25 علمائے کرام کی نظر بندی کے احکامات جاری کر دئیے جائیں گے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے محرم کے لئے فوج کی 75 کمپنیوں کے پنجاب میں تعینات کرنے کے لئے وزارت داخلہ کو لیٹر لکھا ہے جس میں لاہور میں 6 کمپنی یکم محرم سے 11 محرم تک، شیخوپورہ میں دو کمپنی یکم سے دس محرم تک، قصور ایک کمپنی سات سے دس محرم، ننکانہ صاحب دو کمپنی سات سے دس محرم، راولپنڈی 12 کمپنی یکم سے دس محرم، اٹک دو کمپنی سات سے دس محرم، جہلم ایک کمپنی سات سے دس محرم، چکوال چار کمپنی سات سے دس محرم، ساہیوال میں تین کمپنی یکم سے دس محرم، پاکپتن ، بہاولنگر ایک کمپنی سات سے دس محرم، رحیم یار خان تین کمپنی ایک سے دس محرم ملتان تین کمپنی یکم سے دس محرم، لودھراں ایک کمپنی سات سے دس محرم، وہاڑی ایک کمپنی سات سے دس محرم، ڈی جی خان دو کمپنی یکم سے دس محرم، مظفر گڑھ دو کمپنی سات سے دس محرم، لیہ ایک کمپنی سات سے دس محرم، گوجرانوالہ دو کمپنی یکم سے دس محرم، سیالکوٹ دو کمپنی سات سے دس محرم، ناروال دو کمپنی سات سے دس محرم،سرگودھا دو کمپنی یکم سے دس محرم ، بھکر ایک کمپنی یکم سے دس محرم، فیصل آباد چھ کمپنی یکم سے دس محرم، جھنگ چار کمپنی یکم سے دس محرم ، چنیوٹ ایک کمپنی سات سے دس محرم تک ڈیمانڈ کی گئی ہے۔
خطرہ/ احکامات

ای پیپر دی نیشن