اشرف سوہنا کی حمایت نہ کرنے پر تحریک انصاف کا ایم پی اے مسعود شفقت کو شوکاز نوٹس

Oct 09, 2015

اوکاڑہ(نامہ نگار)پی ٹی آئی کے امیدوار کی سپورٹ نہ کرنے پر ایم پی اے چوہدری مسعود شفقت ربیرہ کو 24 گھنٹے کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 144 کے انتخابی جلسہ کے دوران پی پی 189اوکاڑہ سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود شفقت ربیرہ کی جانب سے پارٹی امیدوار اشرف خاں سوہنا کی بجائے آزاد امید وار چوہدری ریاض الحق کی سپورٹ کرنے پر مسعود شفقت ربیرہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ چیئرمین عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ تحریک انصاف کے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی مسعود شفقت ربیرہ پارٹی سے غداری نہ کریں، اگر مسعود شفقت ربیرہ نے 24گھنٹے کے اندر اشرف سوہنا کا ساتھ نہ دیا تو ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جائے گی کیونکہ ہماری پارٹی میں غداروں کی کوئی گنجائش نہ ہے اس پر اپنا موقف دیتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی مسعود شفقت ربیرہ نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کا نظریاتی کارکن ہوں لیکن شاہ محمود قریشی پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایک نظریہ کے تحت تحریک انصاف میں شمولیت کی تھی آج بھی اس پر قائم ہوں، عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے اس کی پابندی کروں گا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مسعود شفقت نے کہا عمران خان سٹیٹس کو کے خلاف تھے لیکن اب سٹیٹس کو کے وکیل بنے بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار اشرف سوہنا تبدیلی نہیں لا سکتے۔ آزاد امیدوار ریاض الحق تبدیلی کا نعرہ لگا کر میدان میں اترے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کی پی ٹی آئی میں نہیں عمران کی پارٹی میں ہوں۔ چیئرمین کو چاہیے تھا آزاد امیدوار کی حمایت کی وجہ پوچھتے۔

شوکاز نوٹس

مزیدخبریں