لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بھکی‘ شیخوپورہ میں گیس سے چلنے والے 1180 میگاواٹ کے پلانٹ کی تعمیر کے آغاز پر پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قرار دیا گیا اس جدید ترین پاور پلانٹ کی تعمیر پاکستان میں سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے میں ایک رجحان ساز اقدام کی حیثیت رکھتی ہے۔ پنجاب کابینہ کے ارکان وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قائدانہ صلاحیتوں اور شبانہ روز مساعی کے نتیجہ میں پاکستان میں سب سے کم لاگت اور سب سے زیادہ پیداوار کے حامل اس پاور پلانٹ کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کا آغاز ممکن ہو سکا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پنجاب کو جہاں نیشنل گرڈ میں 1180 میگاواٹ بجلی کے اضافے کی قومی خدمت سرانجام دینے کا اعزاز حاصل ہوگا وہاں یہ پلانٹ پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو دور کرنے اور زرعی و صنعتی ترقی کے ذریعے روزگار میں اضافہ کا باعث بھی بنے گا۔ اجلاس وزیراعلیٰ شہباز شریف کی سیاسی اور انتظامی ٹیم‘ عوامی نمائندوں‘ سرکاری افسروں و اہلکاروں‘ فنی ماہرین‘ محنت کشوں اور ان تمام دیگر افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے اس پاور پلانٹ کی تعمیر میں حصہ لیا اور اس قومی منصوبے پر عملدرآمد میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس وزیراعظم محمد نوازشریف کا شکرگزار ہے جنہوں نے پنجاب میں گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس لگانے کیلئے بھرپور سرپرستی کی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت تمام شرکاء کی حسب روایت چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے بھکی‘ شیخوپورہ میں لگائے جانے والے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے کے بارے میں صوبائی وزراء کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے خود جواب دئیے۔ پنجاب کابینہ کے ارکان نے گیس منصوبے کے حوالے سے انتہائی شفاف انداز میں تیزرفتاری سے معاملات آگے بڑھانے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پرعزم قیادت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔