چنیوٹ (نامہ نگار) پولیس مقابلہ کے دوران ایس ایچ او تھانہ کانڈیوال شہید، کانسٹیبل زخمی ہو گیا جب کہ ایک ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سرکل چناب نگر کے ایس ایچ او تھانہ کانڈیوال سب انسپکٹر مہر مظفر کو مخبر نے اطلاع دی کہ بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سر غنہ قاسم عرف قاسو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ کانڈیوال کے علاقہ بھبھڑانہ کے قریب ہرل چوک پر موجود ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ کانڈیوال نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا تو ڈاکوﺅں نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ قاسم عرف قاسو موقع پر مارا گیا اُس کی نعش کو چھوڑ کر باقی ڈاکو قریبی فصل کماد میں داخل ہو گئے۔ ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ کانڈیوال مہر مظفر اور کانسٹیبل مدثر علی زخمی ہو گئے۔ ایس ایچ او مہر مظفر کو زخمی حالت میں چوکی بھاگٹانوالہ میں قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گئے جبکہ کانسٹیبل مدثر علی کو زخمی حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ پوسٹمارٹم کے بعد شہید ایس ایچ او سب انسپکٹر مہر مظفر کا جنازہ پورے اعزاز کے ساتھ پولیس لائن چنیوٹ میں ادا کیا گیا جس میں آر پی او فیصل آباد احسان طفیل، ڈی پی او عبدالقادر قمر اور ضلع بھر کی پولیس کے افسران نے شرکت کی اور نعش شہید مہر مظفر کے آبائی گاﺅں پورے اعزاز کے ساتھ روانہ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اُن کے آبائی گاﺅں سکول خانوآنہ میں اُن کی نمازہ جنازہ آج صبح نو بجے ادا کی جائے گی جبکہ ہلاک ہونے والا بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سر غنہ قاسم عرف قاسو کی نعش بھی پوسٹمارٹم کے بعد اُن کے ورثاءکے حوالے کر دی گئی ہے۔
چنیوٹ پولیس مقابلہ
چنیوٹ : پولیس مقابلے میں ایس ایچ او شہید‘ کانسٹیبل زخمی‘ ایک ڈاکو بھی مارا گیا
Oct 09, 2015