پشاور (بی بی سی) خیبر پی کے میں محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ملک میں پہلی مرتبہ ٹریفک وارڈنز کی وردی پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ چالان کرتے وقت کیمرے کو آن کر دیا جائے۔وہ جس گاڑی کا چالان کرنے کے لئے جائیں تو یہ کیمرے آن کریں اور گاڑی روکنے سے لے کر چالان جاری کرنے تک کا تمام عمل ریکارڈ کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کیمرے مہیا کرنے کا مقصد عوام اور ٹریفک پولیس دونوں پر برابر نظر رکھنا ہے اور کسی متنازع واقعے کی صورت میں یہ فوٹیج موثر پیرائے میں ٹھوس ثبوت فراہم کرے گی۔ ان کیمروں کی مدد سے غیرقانونی جرمانوں اور ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے نامناسب رویہ اختیار کرنے کی شکایات کی جانچ پڑتال بھی کی جا سکے گی۔ یہ امید بھی ظاہر کی گئی ہے کہ ان کیمروں سے بداخلاقی، رشوت مانگنے اور غیرقانونی جرمانے عائد کرنے سے متعلق شکایات میں بھی نمایاں کمی واقع ہو گی۔ پہلے مرحلے میں پشاور ٹریفک پولیس کو یہ سہولت فراہم کر کے اس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں باقی ماندہ اضلاع کی ٹریفک پولیس اور بعدازاں مقامی پولیس کو ان جدید کیمروں سے لیس کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس/ کیمرے