لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بابراعظم کو بھی شامل کر لیا گیا جبکہ محمد حفیظ ‘شان مسعوداور افتخار احمدکو آئوٹ کر دیا گیا ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیسٹ سیریز کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ۔ مصباح الحق ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم، اسد شفیق، اظہر علی، بابر اعظم، یاسر شاہ، راحت علی، عمران خان، ذوالفقار بابر، سرفراز احمد، محمد عامر، وہاب ریاض، سہیل خان اور محمد نواز شامل ہیں۔ شان مسعود اور محمد حفیظ کو ٹیم آئوٹ کر دیا گیا جبکہ یونس خان طبیعت کی خرابی کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ یونس خان کو ڈاکٹروں نے 10 دن کیلئے آرام کا مشورہ دیا ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ بابراعظم نے ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس لئے سلیکٹرز، کوچ اور کپتان سمیت سب کی رائے تھی کہ انہیں ٹیسٹ میچ میں بھی موقع دیا جائے۔عماد وسیم کو اس لئے شامل نہیں کیا کیونکہ ان کا بائولنگ ریکارڈ اتنا اچھا نہیں ان کی جگہ محمد نواز کوموقع دیا کیونکہ ان کا بائولنگ اور بیٹنگ ریکارڈ اچھا ہے۔ محمد عامر سے متعلق کہا کہ وہ کل سے ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 13 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔ شاہد آفریدی 20 سال کرکٹ کھیل چکا ‘ اسے پتہ ہے کہ کب جانا ہے تاہم کھلاڑیوں کو اعزاز کے ساتھ رخصت کرنا چاہئے۔کسی کھلاڑی سے دشمنی نہیں سب چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد‘شان مسعود ‘افتخار احمد‘عماد وسیم کو نظر انداز نہیں کیا گیا ہے ۔