لاہور (خبر نگار) لاہور ائر پورٹ پر جعلی دستاویزات پر 3 افغانی باشندوں کی برطانیہ جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ تین افغان خواتین اور ایک افغان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ صبح لندن جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 کے مسافروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران شک گزرنے پر ایف آئی اے کے انسپکٹر ریاض خان اور سب انسپکٹر ظہور احمد نے دو افغان عورتوں سبزہ گلنار اور وحیدہ مہر اور ایک نوجوان ناصر خان کے کاغذات چیک کئے تو ان تینوں کے پاس موجود برطانیہ میں قیام کا اجازت نامہ جعلی نکالا۔ یہ تینوں افغان باشندے ایک اور افغان عورت ریحانہ مہدی زادہ اپنے ساتھ لیکر برطانیہ جا رہی تھی اور اسی نے یہ کاغذات انہیں فراہم کئے تھے۔ ایف آئی اے امیگریشن لاہور ائر پورٹ نے 4 ملزمان کو تھانہ پاسپورٹ سرکل مقدمہ اندراج کیلئے بھجوا دیا۔