کشمیریوں کو وسیع تر خودمختاری دی جائے: بھارتی مسلم دانشور

Oct 09, 2016

نئی دہلی (این این آئی) بھارتی مسلم دانشوروں نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو وسیع تر خودمختاری دینے سے شاید یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں بھارت بھر کے مختلف علاقوں میں مقیم مسلم دانشوروں نے زور دیا کہ اگر یہ مسئلہ حل کرنا ہے تو جموں اور کشمیر میں وسیع تر خودمختاری دینا ہو گی۔بھارت میں مسلمان دانشوروں کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری تشدد کا حل یہ نہیں کہ اس علاقے کو آزادی دے دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 25لاکھ نفوس پر مشتمل مقبوضہ ریاست کو زیادہ خودمختاری دی جانا چاہیے۔ بھارت میں غیر سرکاری ادارے ’امن ٹرسٹ‘ کے ڈائریکٹر جمال قدوائی نے جرمن ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس ملک میں ایک اور تقسیم مسئلے کا حل نہیں ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے دیگر متبادل راستوں پر غور کرنا چاہیے، جن میں سرحدوں پر سخت پہرے میں کمی اور کشمیریوں کی زیادہ خودمختاری شامل ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں