سکھر: خورشید شاہ سڑک کی ناقص تعمیر پر برہم‘ بڑے پتھر اٹھاکر پھینک دئیے

Oct 09, 2016 | 21:17

ویب ڈیسک

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سکھر میں جاری ترقیاتی کاموں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں اور سرکاری افسروں نے حکومت کو بدنام کر رکھا ہے۔ ٹھیکیداروں اور افسروں کو سزا ملے گی تب ہی سب ٹھیک ہوگا۔خورشید شاہ نے سکھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ خورشید شاہ نے زیر تعمیر جہان خان باگڑجی شاہراہ پر جاری کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف 19 کلومیٹر سڑک 35 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی جا رہی ہے، چھوٹی سی شاہراہ کیلئے اتنی بڑی رقم سمجھ سے بالاتر ہے، جہاں خان باگڑجی روڈ کی تعمیر کیلئے ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا ہے، جہاں پر ریت کا استعمال ہونا تھا وہاں پر مٹی اور بڑے بڑے پتھر استعمال کئے گئے ہیں۔ خورشید شاہ نے روڈ کو دوبارہ اکھاڑ کر نیچے ریت ڈالنے اور میٹریل درست استعمال کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ کہاں کہاں کا دورہ کریں اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور زیرتعمیر روڈ کھدوایا اور میٹریل چیک کیا‘ خود بیٹھ کر مٹی بھی نکالی‘ سڑک کی حالت دیکھ کر شاہ صاحب غصے میں آ گئے اور بڑے بڑے پتھر اٹھا کر زمین پر پھینک دئیے۔ شاہ صاحب نے افسروں کو خوب ڈانٹ پلائی اور انہیں دوبارہ کھدائی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا سڑک کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں