کیپٹن اسماعیل و میر محمد میرایادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں چار میچز کے فیصلے

Oct 09, 2017

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آل کراچی کیپٹن اسماعیل و میر محمد میرایادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں چار میچوں کے فیصلے ہوگئے۔شہباز گرین نے پنالٹی ککس پر کراچی محمڈن کو 4-2سے، ینگ عیدگاہ نے مدھو محمڈن کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0سے ،ساجدی محمڈن نے لیاری ککرز کو باآسانی4-0 سے اور ینگ تغلق نے ینگ سولجر کو3-1 سے ٹھکانے لگادیا۔ان میچوں میں ساجدی محمڈن کے سلمان نے نے تین گول اسکور کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اولڈ گولی مار اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ میں شہباز گرین نے کراچی محمڈن کو پنالٹی ککس پر 4-2سے قابو کرلیا۔ میچ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا،منتظمین نے میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی ککس پرسہارا لیا جس میں شہباز گرین نے کراچی محمڈن کو 4-2سے مات دی۔دوسرے میچ میںینگ عیدگاہ نے مدھو محمڈن کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0سے زیر کیا۔ پہلے ہاف میں ینگ عید گاہ کی جانب سے کھیل کے 20ویں منٹ میں سمیر نے گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلوادی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر ینگ عیدگاہ کی ٹیم1-0 سے جیت رہی تھی۔تیسرے میچ میں ساجدی محمڈن نے لیاری ککرز کو باآسانی4-0 سے پچھاڑ دیا۔ ساجدی محمڈن کی جیت میں اسٹرائیکر سلمان نے اہم کردار ادا کیا۔سلمان نے تین گول بناکر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔15 ویں منٹ میں سلمان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0 کی سبقت دلادی۔ 16ویں منٹ میں ملک نے گول کرکے ساجدی محمڈن کی برتری کو 2-0سے دگناکردیا۔25 ویں منٹ میں سلمان نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرکے ٹیم کو3-0 کی برتری دلادی۔ وقفے کے بعد 54ویں منٹ میںساجدی محمڈن کی جانب سے میچ کا چوتھا گول اور سلمان نے اپنا تیسرا گول داغ کر نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کر نے ساتھ ہی اپنی ٹیم کو4-0 سے سرخرو کردیا۔ چوتھے میچ میں ینگ تغلق نے ینگ سولجر کو3-1 سے ٹھکانے لگادیا۔ ینگ تغلق فٹبال کلب نے ینگ سولجر کے خلاف پہلے ہاف کے4 ویں منٹ میںالہی بخش نے گول بناکر اپنی ٹیم کو 1-0کی برتری دلادی۔ 8 ویں منٹ میں زوہیب کے گول کی بدولت ینگ تغلق نے اپنی سبقت کو2-0 سے دگنا کردیا۔ ینگ سولجر کی جانب سے کاشف نے 25ویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کے خسارے کو 2-1کردیا،وقفے سے قبل33 ویں منٹ میں سرفراز نے گول بناکر اپنی ٹیم کی برتری کو3-1 کردیا۔ دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ دوسرے ہاف میں فاروڈز نے گول کرنے کے نصف درجن مواقع ضائع کئے۔میچ کے اختتام پر ینگ تغلق کی ٹیم3-1 سے سرخرو ہوکر میدان سے باہر آئی۔ 

مزیدخبریں