نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس نے اشیاءاور خدمات ٹیکس سے متعلق حکومتی رعایتوں کواونٹ کے منہ میں زیرہ قراردے دیا۔کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ قدم گجرات اسمبلی کے انتخابات کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے لیکن اس میں زرعی اور ٹیکسٹائلز سیکٹرز کو رعایت نہ دیکر حکومت نے عوام کومایوس کیاہے۔ کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں جی ایس ٹی کے تحت شعبوں کو دی گئی عبوری راحت کا خیر مقدم کیا لیکن سب سے زیادہ روزگاردینے والے زرعی شعبہ اور ٹیکسٹائلز نیز عام آدمی کے استعمال کی چیزوں میں راحت نہ دینے پر حکومت پر نکتہ چینی بھی کی۔
حکومت پر جی ایس ٹی سے متعلق ڈھانچہ جاتی معاملات کو حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹھوس فیصلے کرنے کے بجائے ٹی ڈی ایس اور ٹی سی ایس ریورس چارج سسٹم اور ای وے بل جیسے اہم مسائل کو مارچ اپریل 2018تک ٹال دیا گیا ہے۔