اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے عمران کے بونیر میں خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری پر تنقید کرنے سے پہلے عمران اپنا تعارف تو کرائیں۔ زرداری نے جمہوریت کی خاطر طویل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ زرداری پر بھٹو شہید کے جیالوں کو فخر ہے کیونکہ آصف علی زرداری نے ثابت قدمی اور بہادری کے ساتھ جیل کاٹ کر بھٹو دشمنوں کو سیاسی شکست دی۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران سیاست میں آوارہ روحوں کی طرح ہیں۔ جن کا کل اثاثہ سیاسی بھگوڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر یوٹرن خان نے سیاست میں عدم برداشت کو فروغ دیا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اپنے لوگ ہی اس کو سیاسی یتیموں کا ٹولہ کہہ رہے ہیں‘ عمران سیاسی دیوالیہ پن کا شکار ہو چکے ہیں وہ دماغ سے سوچ کر باتیں کرنے کی بجائے جوش میں بڑھکیں مارتے ہیں۔ زرداری نے جمہوریت کے لئے اپنی جوانی کے 11 سال جیل میں گزارے ہیں عمران خان مشکل وقت میں بنی گالہ سے بھی باہر نکلتے اور کارکن لاٹھیاں کھاتے رہتے ہیں۔ وہ سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناکر حکومت میں آ جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں ہو سکتا اور جھوٹ بولنے میں بھی عمران خان سب سے آگے ہیں۔
پیپلز پارٹی
زرداری پر تنقید سے پہلے عمران اپنا بتائیں انکا کل اثاثہ سیاسی بھگوڑے‘ مخالفین پر تنقید سے حکومت نہیں ملتی: پیپلز پارٹی
Oct 09, 2017