ریٹائرمنٹ پر مفروضوں سے گریزکیا جائے: لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر‘ آج سبکدوش ہوجائینگے

Oct 09, 2017

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+صباح نیوز) سابق ڈی جی آئی ایس آئی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے موجودہ صدر لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی جانب سے قبل ازوقت ریٹائر منٹ فیصلے کے باعث رواں برس فوج سے سبکدوش ہونے والے لیفٹیننٹ جنرلز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ آرمی ائرڈیفنس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد زاہد لطیف مرزا اور گوجرانوالہ کے کو رکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق اپنی مدت ملازمت پوری کر کے اس سال 20 دسمبر کو سبکدوش ہوجائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آج پیر کے روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی صدارت سے سبکدوش ہونیوالے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کمانڈ پوسٹ نہ ملنے کی وجہ سے دلبرداشتہ تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد رضوان اختر کو ڈی جی آئی ایس مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد اگلی پوسٹنگ انہیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی ملی۔ تاہم وہ بطور لیفٹیننٹ جنرل کسی کور کی کمانڈ نہیں کرسکے اور نہ ہی اب انہیں کمان ملنے کا امکان ہے کیونکہ اگلے برس اکتوبر میں انہوں نے 4 سالہ مدت ملازمت پوری کر کے سبکدوش ہوجانا تھا۔ صباح نیوز کے مطابق صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اخترآج (پیر کو) سبکدوش ہوجائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے کہا کہ میری ریٹائرمنٹ پر متعلق مفروضوں سے گریز کیا جائے، ذاتی وجوہات کی بنا پر یونیفارم اتار رہا ہوں۔ انہوں نے کہا بھاری دل مگر مکمل اطمینان کے ساتھ ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں لیکن پاک فوج کو جب بھی میری ضرورت پڑی تو میں حاضر ہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج میں 35 سال تک خدمات انجام دینے پر فخر ہے اور فوجی کرئیر میں تعاون و رہنمائی پر سینئرز کا شکر گزار ہوں۔

مزیدخبریں