لاہور( نمائندہ سپورٹس) کرکٹ کمنٹیٹرز کلب آف پاکستان کے صدر اور سینئر کرکٹ کمنٹیٹر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان انتظامیہ کرکٹ میچوں کے دوران براہ راست کمنٹری کو نظرانداز کر کے ہزاروں نہیں لاکھوں سامعین اور بالخصوص نابینا افراد کو سستی اور معیاری تفریح سے محروم کر رہی ہے۔ کرکٹ میچوں کے دوران دور دراز علاقوں میں ریڈیو بڑی تفریح کا سب سے اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے براہ راست ریڈیو کمنٹری سے لاکھوں شائقین کرکٹ مستفید ہوتے ہیں لیکن گذشتہ چند برسوں میں اس اہم شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کو ریڈیو پاکستان کے کھیل دشمن اقدامات کے سوا نہیں کہا جا سکتا۔ حکومت پاکستان کمنٹری کو زندہ رکھنے اور بالخصوص نابینا افراد کی کھیل سے محبت کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے کرکٹ میچوں کے دوران کمنٹری کو بحال کرے۔ متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے لیے ایف ایم 107 کے اشتراک سے براہ راست کمنٹری کا بندوبست کیا گیا تھا لیکن آخری لمحات میں ریڈیو پاکستان نے معذرت کر کے عدم دلچسپی کا ثبوت دیا ہے۔ موجودہ دور میں ریڈیو کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے لیکن ریڈیو پاکستان انتظامیہ کی عدم دلچسپی حیران کن ہے۔ وزارت اطلاعات کو اس اہم مسئلہ پر فوری توجہ دینی چاہیے۔
ریڈیو پر پاکستان کرکٹ میچوں کی کمنٹری بحال کی جائے : محمد ادریس
Oct 09, 2017