لاہور(خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم نبوت کے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے اور ختم نبوت تمام مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ختم نبوت کے قوانین کی پاسداری کی ہے اور ہماری حکومت نے ہمیشہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں، میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف اور تیز رفتار منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں ، ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاﺅن کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، میاں مرغوب،رمضان صدیق بھٹی،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف ،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔