جامشورو اور ٹنڈو الہ یارمیں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور اسلحہ برآمد ، 5 ملزمان گرفتار

کوٹری /ٹنڈو الہ یار (نامہ نگاران)جامشورو اور ٹنڈو الہ یار میں سی آئی اے پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات‘ مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کرلیا۔سی آئی اے پولیس نے جامشورو سن کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑ وں مالیت کی بھاری تعداد میں منشیات ، غیر قانونی اسلحہ اورمسروقہ گاڑیاں برآمد کرکے 5ملزمان گرفتار کرلیے۔تفصیلات کے مطابق کوٹری میں اپنے دفتر میں ایس ایس پی جامشورو عرفان علی بہادر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ سی آئی اے پولیس جامشورو کی خصوصی ٹیم نے مانجھند کے قریب سن کے علاقے میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارکر اڈے کے مالک میر شہاب الدین شاہ سمیت 5ملزمان شاہد شاہ، جاوید شاہ ،شاہد ملاح اور اکبر ملاح کو گرفتارکرلیا چھاپے کے دوران پولیس نے منشیات کے اڈے سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی62کلو چرس ،40کاٹن میں 960شراب کی بوتلیں،11من بھنگ ،8ڈرم میں موجود 3ہزار لیٹر کچی شراب ،ایک کلو افیون،4موٹر سائیکلیں،ایک کار،ایک سوزوکی ،ایک رائفل ،ایک بگ ماوزر،ایک رپیٹر بڑی تعداد میں گولیاں ،کارتوس سمیت دیگر اشیاءتحویل میں لے لیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ایس ایس پی جامشورو نے کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او چھچھر انسپکٹر جہانگیر چانڈیو اور ہیڈ محر ر غلام کھوسو کو معطل کردیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی جامشورو نے مزید کہا کہ ضلع جامشورو میں جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور طریقے سے کریک ڈاو¿ن کیا جارہا ہے یہ عناصر چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گاجبکہ سن میں ہونے والی پولیس کی یہ بڑی کارروائی ہے اس موقع پر انہوں نے سی آئی اے انچارج سرور راہوپوٹو ،نورالدین سخیرانی سمیت کارروائی میں شریک پولیس پارٹی کو 2لاکھ روپے نقدانعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ٹنڈوالہ یار سے نامہ نگار کے مطابق سی آئی اے پولیس انچارچ یاسین ٹگر نے دوران چیکنگ بکیرا شریف روڈ بائی پاس کے مقام پر مخفی اطلاع پر چھاپہ مار کر دو افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 5 من بھنگ برامد کر لی ۔رابطہ کرنے پر سی آئی اے انچارج نے بتایا کہ مخفی اطلاع ملی کہ دو افراد روڈ پر کھڑے ہیں اور بھنگ لے کر جا رہے ہیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی بھنگ بر آمد کر کے دو افراد احسان اللہ منگھار اور منیر احمد منگھار کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کرلی۔

ای پیپر دی نیشن