لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ایم عرفان کی قیادت میں کراچی سے ڈھاکہ کے لیے روانہ ہو گئی۔ قومی ٹیم کے کپتان ایم عرفان کا روانگی سے قبل کہنا تھا کہ 8 ملکی ٹورنامنٹ میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان ٹیم پوری تیاری کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جا رہی ہے، ٹورنامنٹ کی اہمیت اور پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج حاصل کرینگے۔ کراچی کے تربیتی کیمپ کے علاوہ اسلام آباد میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر بھی کام کیا گیا ہے جس سے پوری طرح مطمیئن ہیں۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر فرحت خان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری ایمانداری کے ساتھ کھلاڑیوں پر محنت کی ہے۔ تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور فارم میں ہیں۔ ٹورنامنٹ کے ہر میچ کے لیے حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ ماضی میں بھارت کے خلاف اچھے میچز نہیں کھیل سکے ہیں کوشش ہوگی کہ بھارت کے خلاف عمدہ کھیل پیش کریں۔ ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 11 اکتوبر کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ 13 اکتوبر کو جاپان جبکہ 15 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے مد مقابل ہوگی۔ پاکستان ٹیم کو پول اے میں بنگلہ دیش، جاپان اور بھارت کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ پول بی میں جنوبی کوریا، ملائیشیا، چائینہ اور اومان شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔