کرپشن کیسز‘ اسحق ڈار عالمی مالیاتی اداروںکےسالانہ اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے

Oct 09, 2017

اسلام آباد (این این آئی) احتساب عدالت میں جاری کرپشن کیسز کی سماعت کے باعث وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار عالمی مالیاتی اداروں، ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاس اسحق ڈار کی احتساب عدالت میں 12 اکتوبر کو ہونے والی پیشی کے موقع پر 9 اکتوبر سے 15 اکتوبر کے درمیان منعقد ہوں گے۔ میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 2013 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب اسحق ڈار ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کی جگہ فنانس سیکرٹری شاہد محمود پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جس میں سٹیٹ بینک کے گورنر بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈویلپمنٹ کمیٹی، انٹرنیشنل مونیٹری اور مالیاتی کمیٹی، گروپ 10، گروپ 24 اور دیگر حوالوں سے اجلاس ہوں گے۔

مزیدخبریں