بونیر (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ایک خاندان چوری بچانے کیلئے ملک تباہ کررہا ہے۔ عدلیہ‘ فوج پر حملوں کا مقصد منی لانڈرنگ کیس سے بچنا ہے۔ نوازشریف نے صرف ادارے تباہ نہیں کئے، اخلاقیات بھی تباہ کردی۔ لگتا ہے پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ بونیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا نوازشریف کو وزیراعظم کہنے والے شاہد خاقان شرم کرو۔ خیبر پی کے نے تبدیلی کا انقلاب شروع کرنے کا موقع دیا۔ ماضی میں کامیابی نہیں ملی لیکن اب ہولڈ پی ٹی آئی کا ہوگا۔ قوم تب اٹھتی ہے جب وہ اپنا کردار ٹھیک کرتی ہے جس قوم کے لیڈر صادق اور امین ہوں وہ عظیم قوم بنتی ہے۔ پورے پاکستان میں 2018ءمیں تبدیلی کا انقلاب آئے گا۔ شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔ قوم فیصلہ کر لے ہمیں ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔ ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا جارہا ہے ہمیں عوام کے پیسے کی حفاظت کرنا ہے۔ فضل الرحمن اسلام کے نام پر سیاست کرتے ہیں۔ فضل الرحمن کو مولانا کہنا پسند نہیںکرتا۔ وہ ضمیر کی قیمت ڈیزل کے پرمٹ کے کام پر لگا دیتے ہیں۔ قومیں کبھی بمباری یا شکست سے تباہ نہیں ہوتیں۔ قومیں اخلاقیات ختم ہونے سے تباہ ہوتی ہیں۔ چوروں اور ڈاکوﺅں کی کرپشن کی قیمت عوام غربت سے ادا کرتی ہے، زرداری اور نواز شریف قوم کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، ”ڈیزل“ دونوں کے ساتھ فٹ ہوجاتا ہے نواز شریف کو منی لانڈرنگ پر سزا ہوگئی تو تمام جائیداد ضبط، بنک اکاﺅنٹس بند ہوجائیں گے۔ اسحاق ڈار اور اس کے بچے بھی ارب پتی ہوچکے ہیں۔ ملک میں 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر 35 ہزار روپے قرض تھا۔ اس وقت ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے قرضہ ہوگیا ہے۔ پیسہ باہر نہ جائے تو یہاں فیکٹریاں، سکول اور ہسپتال بن سکتے ہیں۔ ان کی ساری کوششیں منی لانڈرنگ کی سزا سے بچنے کیلئے ہیں۔ کیا عوام نہیں جانتے کہ نوازشریف کو کیوں نکالا؟ خیبر پی کے میں ہیلتھ کارڈ کے تحت ایک خاندان کو 5 لاکھ روپے کا انشورنس ملتا ہے۔ میرٹ ہو تو بلاول بھٹو اور مراد سعید کا کوئی مقابلہ ہے؟ مراد سعید میرٹ پر اوپر آیا ہے۔ خیبر پی کے ملک بھر کیلئے ایک مثال بن جائے گا۔ جمشید خان اور فاروق خان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ کرپٹ مافیا کے خلاف ہر محاذ پر کھڑے رہیں گے۔ کرپٹ مافیا کو ڈر ہے کہ نوازشریف کے بعد ان کی باری آئے گی۔