کمشنر بلدیہ عظمیٰ نے فٹ پاتھوں پرقائم تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیدیا

Oct 09, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے شہر کے اہم مقامات پر مختلف خیراتی /فلاحی اداروں کی جانب سے فٹ پاتھوں پر قائم کئے گئے تجاوزات کو صاف کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر لوگوں کے لئے بسائے جاتے ہیں، شہروں کو عوام دوست ہونا چاہئے جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام تجاوزات کو صاف کرکے لوگوں کو ان کا یہ حق دیا جائے کہ انہیں چلنے کے لئے فٹ پاتھ میسر آئیں، وہ تمام خیراتی /فلاحی ادارے جنہوں نے تجاوزات کی صورت میں فٹ پاتھوں پر قبضے کر رکھے ہیں وہ فوری طور پر از خود تجاوزات ہٹا دیں بصورت دیگر ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرکے نہ صرف یہ کہ ان کا سامان ضبط کرلیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی، فٹ پاتھ لوگوں کے چلنے کے لئے ہوتے ہیں ان پر بڑے بڑے پنجرے، چبوترے اور مختلف جانور رکھ کر عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران اور مختلف علاقوں میں تجاوزات صاف کرنے کے ذمہ داران نے شرکت کی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ مہذب دنیا میں بھی عوام کے لئے خیراتی /فلاحی ادارے کام کررہے ہیں۔

مزیدخبریں