کراچی (سپورٹس ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف محمد حفیظ کی سنچری کو سینئرز کھلاڑیوں کی جیت قرار دیا ہے۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کرکٹ کا المیہ ہے کہ یہاں سینئرز کو شاندار اور با عزت طریقے سے کرکٹ سے علیحدہ ہونے نہیں دیا جاتا۔محمد حفیظ کی 25 ماہ بعد ٹیسٹ ٹیم میں سینچری اننگز کے ساتھ واپسی پر سابق کپتان کا کہنا تھا 'محمد حفیظ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان دوستوں کو بھی جنہوں نے انہیں مشکل وقت میں بھرپور انداز میں واپسی پر آمادہ کیا۔یونس خان نے کہا کہ میں نے پاکستان ٹیم کے کئی بڑے کرکٹرز کو روتے ہوئے کرکٹ چھوڑتے دیکھا تھا، اپنا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال مارچ میں جب ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ کھیل رہا تھا، تب میرے دوستوں کا خیال تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ غلط ہے، لیکن میں اپنے فیصلے پر خوش اور مطمئن تھا، کیوں کہ میں عزت سے اس کھیل کو خیر باد کہنا چاہتا تھا۔پاکستان کے لئے ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ دس ہزار رنز بنانے والے یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند ہے، البتہ اچھا ہوگا کہ تجربے کار اور سینئرز کرکٹرز کو اچھے انداز میں رخصت کرنے کی روایت کو اپنایا جائے۔یونس خان نے کہا 'وہ مانتے ہیں کہ کھلاڑی کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا ہے لیکن اچھا ہو کہ سینئرز کے ساتھ بات کی جائے، منصوبے بنائے جائیں لیکن افسوس ایسا نہیں ہوتا'۔انہوں نے مزید کہا جب آپ سینئرز کو دیوار سے لگانے کی کوشش کرتے ہیں اور جب ڈوبا ہوا کھلاڑی ابھر کر پرفارم کرتا ہے تو پھر سب منہ چھپاتے نظر آتے ہیں۔