کراچی(نامہ نگار) پاکستان کے غریب عوام آزاد ریاست کے شہری ہونے کے باوجودآج بھی غلامی اور بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ان کو ووٹ دینے کا حق تو حاصل ہے مگر قیادت کے انتخاب میں ان کے ووٹ کی کوئی حیثیت نہیں۔اقتدار پانے والے جمہوریت اور نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے حکمرانوں نے چند ہفتوںمیں ہی عوام کا بدترین استحصال اور برا حال کردیا ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئررہنمااورسیکریٹری اطلاعات ونشریات طاہرحسین سید نے کہا ہے کہ حکمران عوام کی زندگی اجیرن بنانے پر تلے ہوئے ہیںایک جانب عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اضافی چارجز کی وجہ سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں تو دوسری جانب پیٹرول اور سی این جی کے نرخوں میں اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ملکی کی تاریخ میں پہلی بار سی این جی کی قیمتیں پیٹرول کی قیمتوں سے تجاوز کرگئیں ہیں۔ موجودہ سی این جی کی قیمت 103 روپے فی کلوکردی گئی ہے اور پیٹرول کی قیمت 92روپے 8 پیسے ہے جبکہ حکومتی پالیسی کے تحت سی این جی کی قیمت پیٹرول کی قیمت سے 30 فیصد کم رہنی چاہیے جوکہ حکومتی پالیسی کے بھی خلاف ہے۔