کراچی(کامرس رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی ) کی سینٹرل کورکمیٹی کا اجلاس گروپ چیئرمین افتخار علی ملک کی رہائشگاہ لاہور میں15اکتوبر کو منعقد ہوگا جس میں فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) کے آئندہ انتخابات برائے2018کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گاجبکہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں یو بی جی سے صدر ،سینئرنائب صدر اور نائب صدورکیلئے امیدواروں کی نامزدگیوں پر بھی غورہوگا۔یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز کے مطابق مرکزی کورکمیٹی کے اس اجلاس میں گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر خصوصی طور پر شریک ہونگے جبکہ یو بی جی کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل،سینیٹر عبدالحسیب خان، سینیٹر الیاس بلور، خالدتواب، مرزا اختیار بیگ، صدر ایف پی سی سی آئی غضنفربلور،سینئرنائب صدرمظہر اے ناصر اور نائب صدور،سینئررہنماریاض الدین شیخ،اور دیگر ممبران بھی شرکت کرینگے۔انہوں نے بتایاکہ یو بی جی لیڈران دسمبر میں ہونے والے فیڈریشن الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم کا لائحہ عمل طے کرینگے اور علاقائی سطح پرنمائندگان کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
گلزارفیروز نے کہا کہ افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر نے تمام صوبائی کورکمیٹیوں کو بھی ہدایت کردی ہے کہ آئندہ الیکشن میں اپنی بھرپور تیاریاں کی جائیں ،ہم جمہوری تقاضوں کے مطابق الیکشن لڑیں گے اور کسی بھی مخالف گروپ کو فرار کا راستہ نہیں دیں گے۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کی قیادت میں یو بی جی نے فیڈریشن سے کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا ہے اور آئندہ بھی یو بی جی الیکشن میں کامیاب ہوکر فیڈریشن کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
یو بی جی کی سینٹرل کورکمیٹی کا اجلاس15اکتوبرکولاہور میں ہوگا
Oct 09, 2018