شہدائے زلزلہ کی 13ویں برسی، ملک بھر میں تقاریب، ایک منٹ کی خاموشی

اسلام آباد/مظفرآباد (آئی این پی ) 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے ہولناک زلزلے میں شہید افراد کی 13ویں برسی منائی گی،مظفرآباد کے یونیورسٹی گراونڈ میں شہدا کی یاد میں مرکزی تقریب کا انعقاد، بالاکوٹ میں بھی سوگ کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پولیس کے دستے نے یادگارِ شہدا پر سلامی دی،، آزاد کشمیرسمیت ہزارہ ڈویژ ن کے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے تاحال مکمل نہ ہوسکے،حکومتی اداروں کی کارگردگی سے نالاں متاثرین نے زیر التوا منصوبوں کی جلد تکمیل کامطالبہ کیا ہے۔ پیر کو آزاد کشمیر اور خیبرپی کے کے کئی اضلاع میں 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے ہولناک زلزلے میں شہید افراد کی 13ویں برسی منائی گی ۔مظفرآباد کے یونیورسٹی گراونڈ میں شہدا کی یاد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران 9 بجکر 52 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پولیس کے دستے نے یادگارِ شہدا پر سلامی دی۔ضلع باغ کی مرکزی جامع مسجد باغ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بالاکوٹ میں بھی سوگ کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔قیامت خیز زلزلہ میں بالاکوٹ کا 95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا تھا اور اتنا عرصہ ہونے کے باوجود نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ اب تک مکمل نہ ہوسکا۔ یاد رہے کہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں ہولناک زلزلے کے باعث تقریبا 70 ہزار افراد جاں بحق اور ہزاروں املاک منہدم ہوگئی تھیں۔ ایرا کے کل منصوبوں میں سے اب تک 10661 منصوبے مکمل، 2408 زیر تکمیل ہیں،1635 منصوبوں پرکام ہی شروع نہ ہو سکا۔ شعبہ تعلیم کے 5722 منصوبوں میں سے 3301 مکمل،1166 زیر تکمیل ہیں جبکہ1255 پرکام شروع نہ ہو سکا، اسی طرح صحت کے 320 منصوبوں میں سے 226 مکمل،51 زیر تکمیل ہیں جبکہ 43 پرکام شروع نہ ہوسکا، پانی و نکاسی آب کے 4744 منصوبوں میں سے4583 مکمل،132 زیر تکمیل ہیں جبکہ29 پر کام شروع نہ ہو سکا۔

ای پیپر دی نیشن