لندن (نوائے وقت رپورٹ) طبیعات کا نوبیل انعام برائے 2019 مشترکہ طور پر تین سائنسدانوں کو دیا گیا ہے۔ رواں سال طبیعات کا نوبیل انعام جیتنے والوں میں ایک 84 سالہ کینیڈین نژاد امریکی سائنسدان جیمز پیبلز اور سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے دو سائنسدانوں 77 سالہ مائیکل میئر اور 53 سالہ دیدیئر کوئلو نے جیتا ہے۔ جیمز پیبلز کو نوبیل انعام کائنات کے ارتقاء کے حوالے سے تحقیق پر اور مائیکل میئر اور دیدیئر کوئلو کو ایک ایسے سیارے کی دریافت پر دیا گیا ہے جس کے گرد ہمارے نظام شمسی کی طرح دیگر سیارے گردش کرتے ہیں۔ نوبیل انعام کا اعزاز حاصل کرنے والوں کو 7 لاکھ 38 ہزار برطانوی پاؤنڈز بھی دیے جائیں گے جو کہ پاکستانی روپے میں ساڑھے 14 کروڑ روپے کے قریب بنتے ہیں۔ آدھی انعامی رقم جیمز پیبلز کو دی جائے گی جب کہ بقیہ آدھی رقم مشترکہ طور پر دونوں سوئس سائنسدانوں کو دی جائے گی۔