راناثنااللہ کو آج انسدادمنشیات کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا

Oct 09, 2019 | 10:22

ویب ڈیسک

لاہور: سابق صوبائی وزیر راناثنااللہ کو منشیات برآمدگی کیس میں آج انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جیل حکام جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو پیش کریں گے۔عدالت نے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی طلب کر رکھا ہے۔وکلاصفائی نے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کی استدعا کی تھی۔ رانا ثنااللہ 15 کلو منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار ہیں۔ اسپیشل سینٹرل جج خالد بشیر کیس کی سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ کو یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا۔ رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

اے این ایف ذرائع نے بتایا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی کے ذریعہ منشیات اسمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی گئی، گرفتاری کے وقت رانا ثنا کے ساتھ گاڑی میں ان کی اہلیہ اور قریبی عزیز بھی تھا۔

اے این ایف ذرائع کے مطابق ایک گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کی جانب سے منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کے منشیات فروشوں سے تعلقات اور منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم کالعدم تنظیموں کو فراہم کرنے کے ثبوت ہیں، رانا ثنا اللہ کے منشیات فروشوں سے رابطوں سے متعلق 8 ماہ سے تفتیش کی جارہی تھی۔

گرفتار افراد نے انکشاف کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں میں منشیات اسمگل کی جاتی ہے، فیصل آباد ایئرپورٹ بھی منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

مزیدخبریں