کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے برطانیہ میں مظاہرے جاری، ’’بھارتی فوج ظلم بند، کرفیو ختم کرو‘‘ کے نعرے

Oct 09, 2019

کیمبرج (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف برطانیہ بھر میں احتجاجی مظاہروں اورریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، کیمبرج میں مختلف کشمیری اور پاکستانی تنظیموں کے باہمی تعاون سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کیمرج میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر چوہدری غفارت شاہد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور نریندر مودی کے انسانیت سوز مظالم نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے ۔کشمیریوں کے جمہوری حق جس کا بھارت نے خودان سے وعدہ کیا تھا اس سے انحراف کر کے جمہوریت کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت جیسے دہشتگرد ملک کے خلاف کاروائی نہ کی گئے تو دنیا میں دہشتگردی کو تقویت ملے گی اور دنیا کاامن تباہ ہوجائیگا۔ ممتاز کشمیری رہنما خالد محمود جونوی نے کہا کہ دنیا نریندر مودی کو ایک قاتل کے طور پر پہچانتی ہے اور انسانیت کے اس دشمن پر پابندیاں عائد تھیں کہ وہ کسی یورپی ملک اور امریکہ میں داخل نہیں ہوسکتا ۔ مودی نے کشمیری عوام کاجس طرح کا قتل عام شروع کر رکھاہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کسی کی عزت محفوظ نہیں اور کشمیر کو دو ماہ سے زیادہ عرصہ سے جیل بنارکھا ہے۔ عالمی امن اور انسانیت کے علمبرداروں نے اگر فوری طور پر کوئی نوٹس نہ لیا تو اس سے خطے میں حالات مذید خراب ہونگے ۔ تحریک کشمیر برطانیہ لوٹن برانچ کے صدر چوہدری محمد رمضان نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل میں بڑی رکاوٹ ہے۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں سمیت کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ انہوں نے مختلف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اوروہ بھارت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں کرفیو ختم کیا جائے انٹرنیٹ اور ٹیلیفون سروس بحال کی جائے، بھارتی فوج ظلم، قتل عام بند کرے اور کشمیر سے فوراً نکل جائے ۔

مزیدخبریں