ایک ڈالر سے ارب پتی بننے والے روسی بزنس مین نے کانفرنس میں ڈالروں کی بارش کردی

Oct 09, 2019

سینٹ پیٹرز برگ (نیٹ نیوز) روسی ارب پتی شخص نے کانفرنس کے دوران شرکا پر ڈالروں کی برسات کر دی۔ نوجوان بزنس مین اور انٹرپرینیورز کے لیے بلائی گئی ایک کانفرنس میں ایگور رائبیکوف نے ہال کی چھت سے ایک ایک ڈالر کے 20 ہزار نوٹ شرکا پر برسائے جن کی پاکستانی روپوں میں لاگت 30 لاکھ روپے بنتی ہے۔ یہ کانفرنس ایگور نے نوجوان تاجروں کی مدد کے لیے بلائی تھی لیکن نوٹوں کی بارش دیکھ کر سارے نوجوان ڈالر جمع کرنے میں جت گئے۔ ایگور اس وقت روس کے مالدار ترین تاجروں میں سے ایک ہیں۔ ان کے اثاثوں کا تخمینہ ڈیڑھ ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ ایگور نے بتایا کہ انہوں نے بہت محنت سے دولت جمع کی، ان کے والد ولادیمیر نے انہیں صرف ایک ڈالر کاروبار کے لیے دیا تھا اور نصیحت کی تھی کہ وہ یہ اس ڈالر کو ضرب دیں اور خود کو اہل ثابت کریں۔ کانفرنس میں وہ اپنے والد کی طرح نوجوانوں کو ڈالر دینا چاہتے تھے تاکہ وہ عین ان کے راستے پر چلتے ہوئے اس سے مزید رقم بنا سکیں۔ ایگور نے اس کانفرنس سے بات کرنے کے لیے دو لاکھ ڈالر کی فیس مانگی تھی جس میں سے 20 ہزار ڈالر انہوں نے لوگوں پر لٹا دیئے اور ان کے مطابق یہ وہ رقم ہے جو وہ معاشرے کو لوٹانا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں