چیف سیکریٹری سندھ اور وفاقی محتسب کی زیر صدارت جیل اصلاحات پر اہم اجلاس

Oct 09, 2019

کراچی (نوائے وقت نیوز) صوبے کے جیلوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے سندھ سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، وفاقی محتسب سید طاہر شہباز، سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل سمیت وفاقی اور صوبائی حکومت کے متعلقہ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں وفاقی محتسب کے دی گئی سفارشات پر جیلوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں، جیلوں میں اصلاحات کے لئے محکمہ تعلیم، صحت، سوشل ویلفیئر اور سول سوسائٹی کام کررہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کے صوبائی جیلوں کے لئے اوور سائیٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جن میں عدلیہ، سول سوسائٹی، تعلیم و صحت کے ماہرین اور مخیر حضرات شامل ہیں۔ یہ اوور سائیٹ کمیٹیاں مختلف جیلوں کو دورہ کر کے اصلاحات اور انتظامی امور کا جائزہ لیتی ہیں۔ ممتاز علی شاہ نے مزید کہا کے صوبائی حکومت نے صوبے کے جیلوں میں قیدیوں کے اصلاحات کے لئے تعلیم اور صحت اور ٹیکنیکل تربیت کے حصول کو آسان بنایا ہے۔ قیدیوں کو لیگل ایڈ بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کے صوبائی جیلوں میں آٹومیشن سسٹم لگا رہے ہیں۔ نومبر تک 22 جیلوں میں آٹومیشن سسٹم کا نیٹ ورک لگ جائے گا۔ آٹومیشن سے عدلیہ، پولیس اور نادرہ کا سسٹم ملایا جائے گا جس سے کیس مینجمنٹ اور رکارڈ کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں