ننگر پارکر میں قومی ہیرو روپلو کولہی یادگار کی تعمیر کرنے کا فیصلہ

Oct 09, 2019

کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی نے ننگر پارکر میں روپلو کولھی مانو مینٹ تعمیر کی منظوری دے دی ، یاد گار کی تعمیر کی منظوری صوبائی وزیر اقلیتی امورہری رام کشوری لال کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی، اجلاس میں سینیٹر انور لال ڈین، سینیٹر انجینئرگیان چند، سینیٹر کرشنا کولھی، ایم این اے مھیش کمار ملانی، ایم پی اے لال چند اکرانی، معاون خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل جیون،معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ویرجی کولھی، ایم پی اے انتھونی نوید، ایم پی اے سادھو مل سریندر ولاسائی ، سردار رمیش سنگھ، تشنا مائتی پٹیل، سیکریٹری محکمہ اقلیتی امور محمد اقبال میمن ودیگر نے شرکت کی اجلاس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ قومی ہیرو روپلو کولہی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ننگر پارکر میں یادگار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے فنڈز جاری ہوچکے ہیں، جلد کام کا آغاز کیا جائے گا صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ گھوٹکی دربار میں توڑ پھوڑ سے پہنچنے والے نقصان کا مرمتی کام شروع کردیا ہے جبکہ دسمبر میں دربار کی ماربلز کی تبدیلی و دیگر مرمتی کام بھی شروع کیا جائے گا اقلیتی ویلفیئر فنڈز اور ترقیاتی اسکیمیز کی تقسیم ھندو، مسیحی، سکھ، پارسی و دیگر اقلیتی برادری کی آبادی کی شرح پر کی جائے گی، صوبائی وزیر نے کہا کہ میں کسی بھی اقلیتی برادری سے امتیازی سلوک کے حق میں نہیں ہوں، ترقیاتی اسکیمیں اور امدادی رقوم طے شدہ فارمولے کے تحت دی جائیں گی ،انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے پیشگی فنڈز جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ٹھیکیدار کام کریں گے تو رقوم جاری کی جائیں گی۔

مزیدخبریں