اسلاموفوبیا بھارت کے ڈی این اے میں شامل، دنیا کشمیریوں کو حق خوداردیت دلائے: پاکستان

Oct 09, 2020

نیو یارک/ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا  حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ عمومی بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان  کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ لوگوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانا عالمی  تعلقات کا بینادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے ہمیشہ حق خودارادیت کے اصول کا اعادہ کیا ہے۔ تاہم جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے خصوصی معاملات میں اب تک اس حق کے آزادانہ استعمال سے انکار کیا گیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی پر زور دیا ہے کہ اسلام  کے خلاف پراپیپگنڈا کی روک تھام کیلئے ایک عالمی دن کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس تجویز کے لئے تمام رکن ملکوں کی حمایت کا خواہاں ہے۔ مزید برآں  پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات پر ایک بار پھر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہندوتوا، اسلاموفوبیا اور تعصب بھارت کے ڈی این اے میں شامل ہے، بھارت کے پاس کشمیر میں مظالم کے دفاع میں کچھ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی الزامات پر پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایک بار پھر کرارا جواب دیا۔ پاکستانی سفارتکار ذوالقرنین چھینہ نے تھرڈ کمیٹی مباحثے میں کہا کہ بھارت میں بڑھتی فسطائیت حادثاتی نہیں بلکہ اس کی تاریخ ہے، ہندوتوا، اسلاموفوبیا اور تعصب بھارت کے ڈی این اے میں شامل ہے۔ ذوالقرنین چھینہ کا کہنا تھا کہ آرایس ایس اس وقت دنیا میں سب سے قدیم فسطائی تحریک ہے۔ دلی سرکارکی نفرت کی سیاست نے اقلیتوں کا جینا محال کردیا ہے۔ پاکستانی سفارتکار نے کہا کہ بھارتی معاشرے کا ہر حصہ عدم تحفظ کا شکار ہے۔ بھارت میں اونچی ذات کے ہندو اقلیتوں کے حقوق غصب کرتے ہیں۔ بھارت کے پاس کشمیر میں مظالم کے دفاع میں کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی تنقید روکنے کیلئے بھارت نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا دفتر بند کیا۔ غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت پسند تنظیموں کو رسائی دینے سے انکار ہوا، پوری دنیا نے جان لیا کہ کشمیر میں اصل دہشت گرد کون ہے۔ 
 

مزیدخبریں