لاہور (نامہ نگار) بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی کے شعبہ اطلاعات اور پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔ بلاول نے کہا کہ ہمارے لئے گلگت بلتستان کے عوام اور وہاں ہونے والے انتخابات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ ہمیں ان کے احساسات اور جذبات کا خیال رکھنا ہوگا۔ ہمیں ان کی سیاست کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی خواہشات کے مطابق ترجمانی کرنی ہوگی۔ اسی لئے عبوری آئینی صوبہ پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے جس پر تمام سٹیک ہولڈرز میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ گلگت بلتستان کے انتخابات کی خود نگرانی کرتے ہوئے الیکشن کمپین کو لیڈ کروں گا۔ گلگت بلتستان کے انتخابات ملکی اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا کی توجہ کا مرکز ہونگے۔ اسی لئے گلگت بلتستان میں صاف، شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک کا مثبت امیج اجاگر ہو سکے جو کہ اس ملک میں جمہوریت کی آبیاری اور تسلسل کے لئے بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں پارٹی کی میڈیا سٹریٹجی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی جس میں مرکزی اور تمام صوبائی انفارمیشن سیکریٹریز نے اپنے اپنے صوبوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ بلاول نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ پی ڈی ایم کی تحریک کے لئے عوامی رابطہ مہم تیز کریں۔