کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی ویمن ہائی پرفارمنس کیمپ کے لیے منتخب کرکٹرز نے کراچی میں رپورٹ کردی، شہر کے مقامی ہوٹل میں جمع ہونے کے بعد پلیئرز کا دوسرا کوویڈ ٹیسٹ بھی ہوگیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمن کرکٹرز کے لیے کراچی میں ہائی پرفارمنس کیمپ کا اعلان کیا ہے جس کے لیے 27 کرکٹرز کو مدعو کیا۔ابتدائی طور پر اپنے اپنے اسٹیشنز میں کوویڈ ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد یہ کرکٹرز جمعرات کو کراچی پہنچیں اور مقامی ہوٹل میں رپورٹ کی جہاں پی سی بی کی جانب سے ان پلیئرز کا دوسرا کوویڈ ٹیسٹ ہوا۔ دوسرا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پلیئرز بائیو سیکیور زون میں منتقل ہوجائیں گی جس کے بعد انہیں مکمل پروٹوکول اور ایس او پی کی پابندی کرنا ہوگی۔ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کرکٹرز 10 اکتوبر سے باضابطہ طور پر ٹریننگ شروع کردیں گی۔پی سی بی نے کیمپ کے لیے اعظم خان کو ہیڈ کوچ جبکہ کامران حسین کو نائب کوچ مقرر کیا ہے۔