اسلام آباد(نیوزرپورٹر)آڈیٹر جنرل آفس وزارت خزانہ کی ہدایت پر آٹھ سرکاری محکموں کا آڈٹ کرے گا اس حوالے سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے متعلقہ حکام کو اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو ،چیف اکائونٹس آفیسر ،ایم او ایف اے،پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ، پاکستان پوسٹ ، ملٹری اکائونٹنٹ جنرل ، جیالوجیکل سروے آف پاکستان ،سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز اور پاکستان ریلویز سمیت آٹھ محکموں کے جنرل پراویڈنٹ فنڈز کے سپیشل آڈٹ کے لئے آڈٹ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔اے جی پی کو لکھے گے خط میں وزارت خزانہ نے سپیشل آڈٹ کے لئے بعض ٹرمز آف ریفرنسز کا بھی ذکر کیا ہے۔ٹی او آرز کے مطابق جمع ہونے والے پراویڈنٹ فنڈ کی تقسیم قانون اور قاعدے کے مطابق ہونے ،شرح سود ، تمام ملازمین کیلئے ایک ہی شرح، ڈیپوٹیشن کی صورت میں جی پی فنڈ کی ادائیگی اور رسیدیں ،جی پی فنڈ بانڈ کی حیثیت کا تعین اور جی پی فنڈ رولز کی شق 34 کے تحت ہر سال کے اختتام پر جمع کرائی جانے والی رقم کا احاطہ کیا جائیگا۔وزارت خزانہ نے اپنے خط میں مزید وضاحت بیان کی ہے کہ جن آٹھ اداروں کا خصوصی آڈٹ ہونے جا رہا ہے وہ آڈٹ ٹیم کو ریکارڈ کی فراہمی سمیت ہر سوال کے جواب دینے کے پابند ہوں گے۔سپیشل آڈٹ کی رپورٹ 2 ماہ کے اندر فنانس ڈویڑن کو بھیجنی ہو گی۔