گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ریجنل ٹیکس آفس گوجرانوالہ کے افسران کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث دفتر میں ٹرک ڈرائیور دل کا دورہ پڑنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایف بی آر کے چیف کمشنر طارق مصطفی خان نے چند ہفتے قبل ایک انفورسمنٹ ٹیم میاں اکرم کی زیر نگرانی تشکیل دی کہ جو کاروباری لوگ ریٹیل ٹیکس پرائس لکھے بغیر مال فروخت کرتے ہیں ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔ چیف کمشنر کی ہدایت پر انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل ایک مال بردار ٹرک پکڑ کر بند کر دیا اور مال اتارے بغیر ٹرک دفتر میں کھڑا کر دیا۔ ٹرک ڈرائیور اپنے بھوکے بچوں کے واسطے دینے اور منت سماجت کے باوجود بھی انفورسمنٹ ٹیم نے ٹرک خالی کر کے دینے سے انکار کر دیا جو گزشتہ روز ایف بی آر کے دفتر میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔ مگر انفورسمنٹ کے افسران کو غریب ٹرک ڈرائیور پر ترس نہ آیا۔ ٹیکس آفس ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائیاں کرتے ہوئے ٹرک قبضہ میں لے رکھے ہیں جبکہ سیلز ٹیکس قانون کے مطابق ٹرک کو روکا نہیں جاسکتا اور مال قبضہ میں لیکر ٹرک ڈرائیور کے حوالے کیا جاتا ہے۔
ٹرک چھوڑ دو: گوجرانوالہ ٹیکس آفس میں منتیں کرتا ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا
Oct 09, 2020