اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ آف پاکستان کا کہنا ہے کہ نیب کرپشن کو ختم کرے ملک میں کرپشن ہو رہی اور ذیادہ ہو رہی ہے ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نندی پور پاور پلانٹ و آئل ٹینکرز گمشدگی کیس میں نامزد ملزم محمد اسلم کی ضمانت منظور کرلی۔ سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم نے تین رکنی بینچ کی سربراہی کی سماعت کے آغا زپر ملزم کے وکیل زبیر خالدنے موقف اپنایا کہ ملزم محمد اسلم پر الزام ہے کہ اس نے نندی پور پاور پراجیکٹ کو سپلائی لے جانے والے 134 آئل ٹینکرز کو غائب کروا دیا جس سے کڑوڑوں کا نقصان ہوا ۔ جسٹس قاضی محمد امین نے کہا اتنا بڑا الزام ہو نے کے بعد بھی آپ ملزم کی ضمانت چاہ رہے ہیں جس پر وکیل نے کہا ریفرنس میں مجموعی طور پر 34 ملزمان ہیں لیکن نیب نے ان میں سے کسی کو گرفتار نہیں کیا صرف ایک ملزم کو ہی گرفتار کیا گیا جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ نیب امتیازی سلوک نہ کرے۔ جسٹس قاضی محمد امین نے کہا اصل مسئلہ ہی یہ ہے کہ احتساب میں انتخاب ہو رہا ہے ۔ نیب اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوے مساوی رویہ استعمال نہیں کر رہا ۔عدالت نے آبزرویشن دی کہ مجموعی طور پر ایک سو چونتیس ٹینکر گم ہوئے اورنیب نے اس ملزم کو پکڑ رکھا ہے جس پر چھ ٹینکرز غائب کرنے کا الزام ہے،اس کیس میں نیب نے سب ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں کیا۔ جسٹس قاضی محمد امین کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن کو ختم کرے ، کرپشن بہت زیادہ ہورہی ہے ، ملزمان کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہئے۔ کریمنل سینے چوڑے کر کے باہر پھر رہے ہیں جس پر نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھاکہ ہم نے سب سے پہلے منصوبہ ساز پر ہاتھ ڈالا ہے،جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ ایک ملزم نے بارہ ، دوسرے نے سترہ ، تیسرے نے تیرہ آئل ٹینکر غائب کئے لیکن نیب نے ان سب کو چھوڑ کر چھ ٹینکرز غائب کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔ جسٹس منیب اختر نے کہا نیب صرف ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے عمل کی وضاحت کرے جس پر نیب کے وکیل نے کہا کیس میں 9 دیگر ملزمان کے بھی وارنٹس جاری کئے گئے جس پر جسٹس قاضی محمد امین نے کہا صرف وارنٹس ہی جاری کئے گئے گرفتار تو نہیں ہو ے عدالت نے نیب وکیل سے استفسار کیا کہ ٹرائل کی کیا پوزیشن ہے نیب کے وکیل نے بتایا کہ ابھی تک ملزمان کی صرف حاضری ہی لگ رہی ہے نو سے دس مہینے نیب عدالت جج کی عدم دستیابی کے باعث عدالت غیر فعال رہی جس پر عدالت نے نیب سے دیگر ملزمان کی گرفتاری پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم محمد اسلم کی ضمانت منظور کرلی۔۔