شیخوپورہ/ فیصل آباد/ فیروز والہ/ پنڈی بھٹیاں/ واربرٹن (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت+ آن لائن) شیخوپورہ‘ فیصل آباد‘ فیرورز والہ‘ پنڈی بھٹیاں اور واربرٹن میں مختلف ٹریفک حادثات میں 14افراد جاں بحق ہو گئے۔ شیخوپورہ میں میاں بیوی اور دو سگی بہنوں سمیت پانچ فیصل آباد میں نو سالہ بچے سمیت تین فیروزوالہ میں دو فیکٹری ملازم ،دوست اور راہگیر خاتون پنڈی بھٹیاں سے یورپ جانے والے چار نوجوانوں میں سے دو دوست جبکہ واربرٹن میں موٹرسائیکل حادثہ میں جاں بحق ہونے والے بارہ سالہ بچے کا دوسرا بھائی بھی جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں کوٹ عبدالمالک کے قریب ایک بس نے موٹرسایکل سوار میاں بیوی اور ان کے ایک رشتہ دار کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا سرگودھا روڈ پر ڈیرہ بھولیانوالہ کے قریب ایک آئل ٹینکر نے ایک موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار دو بہنیں انیس سالہ ثناء اور 17 سالہ ثمرہ جاں بحق اور ان کا بھائی 22 سالہ حمزہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فیصل آباد میں تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ مکوآنہ غوثیہ ٹائون میں ریت سے بھری ٹرالی کو ڈرائیور بیک کر رہا تھا کہ وہاں سے گزرنے والا محنت کش اقبال کا 9 سالہ بیٹا عبداللہ ریت سے لوڈ ٹرالی اور دیوار کے درمیان آکر کچلا گیا اور موقع پر دم توڑ گیا۔ الٰہی آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے بری طرح زخمی ہونیوالا 50 سالہ بشیر اور چیچہ وطنی میں حادثہ کا شکار ہوکر 60 سالہ محمد لطیف زندگی کی بازی ہار گئے۔ فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی گلفشاں ٹائون (کوٹ عبدالمالک) موٹر ووے پل کے قریب تیز رفتار بس بے قابو ہو کر دو موٹرسائیکلوں سواروںپر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں دو دوست فیکٹری ملازم سمیت تین افراد ہلاک اور ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا۔ شہریوں نے مشتعل ہو کر بس کے شیشے توڑ ڈالے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ پولیس نے بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوںٹھٹھہ لنگر کے رہائشی چاروں نوجوان محنت مزدوری کے لئے یونان جا رہے تھے کہ ایران ترکی بارڈر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئے۔ غیر قانونی طریقہ سے یونان جانے والے دونو جوان جاں بحق نصیر اور عامر نواحی گائوںٹھٹھہ لنگر کے رہائشی ہیں۔ چاروں نوجوان محنت مزدوری کے لئے یونان جا رہے تھے کہ ایران ترکی بارڈر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئے۔ دو کی نعشیں مل گئیں جب کہ دو کی تلاش جاری۔ لواحقین کاکہنا ہے کہ ہمارے بچے ایجنٹ کی غفلت سے جاں بحق ہوئے نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لوا حقین کا کہنا ہے کہ ذمہ دار ایجنٹ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن کے رہائشی تنویر شیخ کے دونوں بیٹے احمد علی اور محمد علی موٹر سائیکل پر شیخوپورہ جاتے ہوئے حادثہ کا شکار ہو گئے تھے۔ ایک بھائی 12سالہ محمد علی موقع پر دم توڑ گیا تھا۔ جبکہ دوسرا حقیقی بھائی 18سالہ احمد علی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔