اسلام آباد(نامہ نگار )احتساب عدالت نے جکارتہ میں سفارتخانہ کی بلڈنگ غیر قانونی فروخت کرنے کے ریفرنس میں ملزم سید مصطفی انورکی موت سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران عدالت کو بتایاگیاکہ ملزم مصطفی انور وفات پاگئے ہیں اور اس موقع پر سید مصطفی انور کے انتقال پر بیٹی کا بیان بھی عدالت کو دیاگیاجس میں بتایاگیاکہ6 ستمبر کو والد کا انتقال ہوا،میرے والد وفات پا چکے ہیں ریفرنس کو ختم کیا جائے،عدالت نے تفتیشی افسر کو تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیااور کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ نیب ریفرنس کے مطابق سابق سفیر میجر جنرل ریٹائرڈ مصطفی انور حسین نے وزارت خارجہ کی منظوری کے بغیر عمارت کی فروخت کا اشتہار جاری کیا اور عمارت فروخت کر دی جس سے قومی خزانے کو 1.32 ملین ڈالرز نقصان کا پہنچا۔ میجر جنرل ریٹائرڈ مصطفی انور حسین کو پرویز مشرف کے دور میں 2001 میں انڈونیشیا میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا تھا۔