ٹرمپ نے آزمائشی دوا کو کورونا کا علاج قرار دیدیا

Oct 09, 2020 | 15:42

ویب ڈیسک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے علاج کیلئے کورونا کی دوا خود تجویز کرنےکا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ دوا تمام امریکیوں کے لیے مفت دستیاب ہو۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب وہ کورونا کے باعث اسپتال میں داخل تھے تو ڈاکٹروں نے مختلف دوائیں تجویز کیں جن میں ری جینرون کی آزمائشی دوا بھی شامل تھی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ خدا کا کرم ہے کہ مجھے کورونا ہوا اور میں نے یہ دوا لی، میں نے اس دوا سے متعلق سنا تھا، میں نے کہا کہ مجھے یہ دوا لینے دیں، یہ میری تجویز تھی اور اس دوا سے مجھے بہت جلد فائدہ ہوا اور میں نے بہتری محسوس کی، میں کہتا ہوں یہی کورونا کا علاج ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ دوا تمام امریکیوں کے لیے مفت میں دستیاب ہو،خاص طوپر وہ بزرگ شہری جو کورونا کے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔ٹرمپ کے اس بیان کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں یہ دوا بنانے والی دواساز کمپنی ری جینرون اور ایلی لِلی کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ دونوں کمپنیاں پہلے ہی امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اتھارٹی (ایف ڈی اے)سے درخواست کرچکی ہیں کہ ہنگامی بنیادوں پر اس دوا کے استعمال کی اجازت دی جائے۔دوسری جانب ماہرین نے ٹرمپ کے بلا کسی ثبوت کے دعوی کرنے پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی چال قرار دیا ہے تاکہ الیکشن سے قبل کورونا کی دوا لانےکا وعدہ پورا کرکے ووٹرز کا دل جیتا جاسکے۔

مزیدخبریں