پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام الناس کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی پرہر ممکن وسائل پوری ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ خر چ کر رہی ہے. کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پوری دنیا نے ہماری حکمت عملی کی تعریف کی ہے. عوام الناس کو ادراک رہنا چائییے کہ ابھی یہ مہلک وائرس پوری طرح ختم نہیں ہوا اس لئے وہ پوری احتیاط برتیں. انہو ں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی. حلقہ پی پی 16 اور گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے صوبائی وزیر کو اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا جس پر راجہ راشد حفیظ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں. عوام الناس نے پینے کے صاف پانی، سیوریج، بجلی و گیس اور گلیوں کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر مسائل پیش کئے تھے. راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پنجاب میں نئے نظام کے تحت بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں. اس نظام کے تحت عوام نچلی سطح سے حقیقی معنوں میں اقتدار و اختیارات میں شریک ہونگے. انہوں نے کہا کہ اس وقت اقتدار سے محروم ہماری مخالف سیاسی جماعتیں ملک میں افراتفری پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں جن کا واحد مقصد اپنی کرپشن کی دولت کو بچانا اور کسی طرح اقتدار کے ایوانوں تک رسائی ہے. دہشت گردی کو ختم کرکے امن وامان کے قیام میں پاک فوج نے جو کردار ادا کیا آج اس کردار کی بھی نفی کرکے بعض مخالف سیاسی لیڈر قیام امن کا کریڈٹ اپنے کھاتے میں ڈال رہے ہیں. یہ لوگ اپنی فوج کے خلاف باتیں کرکے بھارت کو خوش کر رہے ہیں. انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بے بنیاد پراپیگنڈے پر دھیان نہ دیں اور مسائل کے حل کیلئے اپنی حکومت کا ساتھ دے کر ان کرپٹ عناصر کو ناکام کریں جو رات دن بے بنیاد پراپیگنڈہ اور سازشیں کر رہے ہیں.