خواتین کھلاڑیوں  کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ، ایک کھلاڑی کی رپورٹ مثبت

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کے لیے طلب کردہ ایک خاتون کھلاڑی کے  کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس خاتون کرکٹر کو فوری طور پر سیلف  آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔دوسری  طرف کیمپ کے لیے طلب کردہ ایک خاتون کرکٹر اور سپورٹ سٹاف میں شامل ایک رکن میں سانس کی تکلیف کی علامات کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے باعث اسکواڈ میں شامل یہ دونوں اراکین بائیو سیکیور ببل سے دستبردار ہوگئے ہیں ۔ یہ فیصلہ کیمپ میں موجود دیگر کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔پی سی بی  کا میڈیکل پینل ان تینوں اراکین سے مسلسل رابطے میں رہے گا۔انہیں کوویڈ19 کے مسلسل دو ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے کی صورت میں دوبارہ کیمپ جوائن کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔اس دوران دو آفیشلز نے اب تک اسکواڈ کو جوائن نہیں کیا۔ ان میں سے ایک رکن کادوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ آج جبکہ دوسرے کا اتوار کو کیا جائے  گا، جس کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں کیمپ جوائن  کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ کراچی میں لگائے گئے  نیشنل ہائی  پرفارمنس کیمپ میں شریک خواتین کرکٹرز  10 اکتوبر بروز ہفتہ سے  اپنی ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن