لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور ان کی فیملی پر منی لانڈرنگ کیس کے معاملے پر ایف آئی کے بجھوائے گئے سوالات پر شہباز شریف نے ایک بار پھر جوابات جمع نہیں کروائے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے 20 نئے سوالات بجھوائے گئے مگر اس میں سے کسی ایک سوال کا بھی جواب نہیں دیا۔ شہباز شریف نے جوابات بھجوانے کے بجائے ایک بیان جمع کروا دیا۔ جس میں ان کا کہنا ہے کہ یہ سو فیصد سیاسی مقدمہ بنایا گیا ہے۔ مجھ سے سوال کرنا مجھے مقدمہ میں پھنسانے اور بطور اپوزیشن لیڈر میری آواز کو دبانے کی سازش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان شوگر مل سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ میں رمضان شوگر مل میں شئیر ہولڈر ہوں اور نہ ہی ڈائریکٹر کبھی رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ میر ے بیوی بچے شئیر ہولڈر اور ڈائریکٹرز ہیں جو عاقل بالغ ہیں۔ ان سے سوالات کئے جائیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز آج 9 اکتوبر کو ایف آئی اے کی عدالت کسٹم کورٹ میں پیش ہوں گے۔