شہدادپور (نامہ نگار ) رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا ہے کہ یہ کتنی بری بات ہے کہ اللہ پاک نے پانچ وقت نماز فرض کی مگر ہم غفلت کرتے ہیں ،اس نے ماہ رمضان کے روزے فرض کیے مگر ہم نے وہ بھی رکھنے میں سستی کرتے ہیں، اس نے کثیر مال دیا مگر صدقات اور زکواۃ ادا نہیں کرتے ،یہ کتنی بے مروتی کی بات ہے کہ اس کی روزی کھانے کے باوجو د ہم نے اس کی نافرمانی کا بازار گرم رکھا ہے۔ انہوں نے شہدادپور میں مجتبیٰ گارڈن میں اجتماع عرس اعلی حضرت و تقسیم اسناد کے سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا کہ ہم اپنے والدین ،اساتذہ سے ڈرتے ہیں ،اگر کوئی رعب دار شخص سامنے ہو تو اس کے سامنے کوئی ایسی بات نہیں کرتے جو اسے بری لگی اے کاش ہمارے دل میں یہ بات بیٹھ جائے کہ اللہ پاک ہمیں دیکھ رہا ہے ،یہ بات ہمارے ذہن نشین ہوجائے کہ اللہ پاک ہمیں دیکھ رہا ہے ،جھوٹ بولتے وقت ،بد نگاہی کرتے وقت کاش ہمیں یہ بات یاد آجائے کہ اللہ پاک سمیع وبصیر ہے ، اللہ کرے کہ ہم اس کی نافرمانی چھوڑ دیں۔رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا کہ موت پیچھا کئے چلی آرہی ہے ہر شخص نے مرنا ہے ،موت ایسا دروازہ ہے لہذا جنت کے طلبگاروںکو فوراً توبہ کرلینا چاہئے، آخر میںبچوں اور ان کے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر غلام اکبر عطاری زوار احمد عطاری غلام نبی عطاری زاہد عطاری، پریس کلب شہدادپور کے صحافیوں رانا شاہد خلیل، شعیب اسلام، عمران قمر ملک، حامد حئی، منصور بیگ مرزا، اور شہر کے سماجی و معززین بڑی تعداد میں شرکت کریں۔