عید میلاد النبی ؐکی تیاریاں شروع عمارتوں پر چراغاں ، گھر گھر دورود سلام کی صدائیں 

Oct 09, 2021

حیدر آباد/ میرپور خاص/ سکھر (بیورورپورٹ/نامہ نگاران) ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی آقائے دو جہان نبی وآخرالزمان حضور نبی کریم کا یوم ولادت   عقیدت واحترام سے منانے کے سلسلے میں تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں سکھر میں مختلف مذہبی تنظیموں و شہریوں کی جانب سے مساجد سمیت شہر کی مین شاہراؤں پر چراغاں اور برقی قمقموں اور سبز مدنی جھنڈیوں سے خوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔جبکہ کئی مقامات پر محرابی گیٹ بھی نصب کئے جارہے ہیں تو مساجد میں علماء  کرام کی جانب سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں تقریبات کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ کوٹری سے نامہ نگارکے مطابق ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن(ر) فرید الدین مصطفی کی صدارت میں استقبال  ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد  ہوا۔  ڈی سی جامشورو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علماء کرام ربیع الاول کے دوران مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور اتحاد بین المسلمین کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، علماء کرام فروغِ امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ضلع کی بہتری اور ترقی کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔  اجلاس میں علماء کرام اور مرکزی عید میلاد النبی کمیٹی کی جانب سے ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے دی جانے والی شکایات و تجاویز پر اپنے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ ضلعی سطح پر جشن عید میلاد النبیؐ  کا پروگرام منعقد کیا جائیگا جس کیلئے آرگنازنگ کمیٹی اے ڈی سی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے۔ ٹنڈومحمدخان سے نامہ نگار کے مطابق سندھ ایکو ساؤنڈ ایسوسی ایشن ٹنڈومحمدخان کی جانب سے عید میلادالنبیؐ 12 ربیع الاول کے سلسلے میں عید گاہ روڈ سے ایک ریلی نکالی گئی اکرم بیگ ، جھانگیر میمن ، سجاد علی کمبھار ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 12 ربیع الاول آقا دو جہان کی آمد کا دن ہے ہم مسلمانوں کو یہ دن انتہائی جوش و جذبے اور احترام کیساتھ منانا چاہیے ، بعد ازاں ریلی حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگئی۔میہڑ سے نامہ نگار کے مطابق   میہڑ میں جشن آمد رسول ؐ  کی خوشی میں سفید مسجد اور کورٹ کی مسجد سے  جماعت اہل سنت کی طرف سے مولطی علی حسن پہنور حسینی ،شمن آگرو، صابر آگرو، شکیل آگرو اور دیگر کی قیادت میں  ریلی نکالی گئی  شرکاء نے جشن آمد رسولؐ  ، مرحبا یا رسولؐ  کے زوردار نعرے لگائے ،  جبکہ شہر کو سجایا گیا تھا۔  ٹنڈوالہ یارسے نامہ نگار کے مطابق حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں ایک عظیم انقلاب لائے اوران کے انسانیت پر بے مثال احسانات ہیں اللہ تعالیٰ نے ان کو دونوں جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا  انہوں نے انسانیت کو اخوت، بھائی چارے اور اخلاق کا درس دیا اور ان کی زندگی ہم سب کیلئے ایک عظیم مثال ہے اس لئے ہم سب پر لازم ہے کہ حضور نبی کریمؐ  کی اسوئہ حسنہ پر عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہارایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہیارعبدالحفیظ لغاری نے آج ضلع ٹنڈوالہیار میں 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبیؐ  کا دن عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق کانفرنس ہال ڈپٹی کمشنرآفیس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف مکتبہ فکر کے علما ء  اکرام، ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈوالہیار اختر علی شیخ،اسسٹنٹ کمشنر جھنڈومری شہزادو عمیر جروار اور دیگر تمام  متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں