اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سی فیئررزویزا کے مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر زیر غور لایا گیا۔وفاقی وزیر نے یورپی یونین کی سفیر سے درخواست کی کہ ویزا کے اجرا کے عمل کو تیز تر بنایا جائے۔یورپی یونین کی سفیر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ پہلے ہی اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں، یورپی یونین کے کئی رکن ممالک نے پہلے ہی اپنی شرائط میں نرمی کر دی ہے تاہم سی فیئررز کو ان کے درجہ اور تنخواہ کے مطابق درجہ بندی کی جا رہی ہے۔ انجینئرز، کیپٹن اور عملے کے ارکان، سب کے پاس ویزوں کے اجرا کے لیے مختلف معیار ہیں۔ملاقات میں خصوصی اقتصادی زون پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے یورپی یونین کی سفیر کو گہرے سمندر میں ماہی گیری کی پالیسی کے بارے میں بتایا جو وزارت بحری امورنے متعارف کروائی۔ پاکستان سے یورپی یونین کو سمندری غذا کی برآمد پر پابندی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا کیونکہ اس میں بڑی صلاحیت موجود ہے۔ وفاقی وزیر زیدی نے یورپی یونین کی سفیر کو پاکستان میں میری ٹائم سیکٹر کے لیے اپنا وژن بیان کیا، افغانستان میں پرامن تصفیے کی امید بھی کی جس سے پاکستانی بندرگاہیں خاص طور پر گوادر وسطی ایشیائی جمہوریہ کے لیے کھل جائیں گی۔ سی پیک کے حالیہ اعلان کردہ کراچی جامع ساحلی ترقیاتی منصوبے پر تبادلہ خیال ہوا اور انہوں نے سفیر کو بندرگاہوں کے دورے کی دعوت دی۔سفیر کامینارا نے دعوت کو قبول کی اور پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین بحری شعبے میں قریبی رابطہ اورخاص طور پر ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے بہتر تعلقات قائم رکھنے پر زور دیا۔
سفیریورپی یونین کی وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے ملاقات
Oct 09, 2021