شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)مرکزی انجمن تاجران کے صدر و انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے چیئرمین امجد نذیر بٹ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف پاکستان کے غیور عوا م نے ہمیشہ بھرپور آواز بلند کی ہے، پاکستانی عوام کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی اور کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھے گی، اپنے ایک بیان میں امجد نذیر بٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے دو سال سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، کمیونیکشن بلیک آئوٹ ہے ، نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں اور تشدد سمیت ظلم و بربریت کے واقعات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے جس کے خلاف پاکستانی حکومت اور عوام بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بھارتی فوج نے کشمیری مسلمانوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔