سندھ میں گیس کی قلت، مزید 72گھنٹے کیلئے سپلائی بند

Oct 09, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے گیس فراہمی میںکمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز کے بعد غیر بر آمدی صنعتوں اور نجی بجلی گھروں کو بھی 72گھنٹے کیلئے گیس فراہمی بند کردی ہے ۔ایس ایس جی سی ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے ،سوئی سدرن گیس کمپنی کو آرایل این جی سپلائی میں شدید کمی کا سامنا ہے اور اسی لئے غیر بر آمدی صنعتوں سمیت نجی بجلی گھروں کوبھی گیس کی سپلائی 72 گھنٹوں کیلئے معطل رہے گی، سمندر میں تیز لہروں کے باعث ایل این جی کے جہاز کی آمد میں تاخیر ہے اور کمپنی کی جانب سے گیس کی کمی پرلوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت منصفانہ تقسیم کی جارہی ہے جبکہ گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جائیگی۔

مزیدخبریں